فاروق حیدر کی قیادت میں وفد کی یو این مشن سے ملاقات ،لبریشن فرنٹ دھرنا ختم

October 17, 2019

مظفرآباد( نمائندہ جنگ)وزیر اعظم فاروق حیدر کی قیادت میں حکومتی اور جے کے ایل ایف کے مشترکہ وفد کی یو این مبصر مشن سے ملاقات کے بعد جے کےایل ایف نے دھرنا ختم کر دیا ، اس موقع پر گفتگو میں وزیر اعظم فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ خونی لکیر توڑنا ہمارا حق ہے ،دشمن مکار ہے اس کی چال میں نہیں آنا چاہئے، انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے مظاہرین کے راستے بند کئے،پاکستانی افواج اور وزارت خارجہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے تعاون کیا ، جے کے ایل ایف نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کو چھ ماہ دیئے ہیں ،کردار ادا نہ کیا تو ایل او سی عبو ر کرینگے ، فاروق حیدر خان کی قیادت میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے وفد نے اقوام متحدہ کے مبصرین کومقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال سے بھی آگاہ کیا ،وزیر اعظم نے کہا کہ وفد نے اقوام متحدہ کے نمائندوں کے سامنے جو مطالبات رکھے ہیں وہ سو فیصد درست ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ اپنا فیکٹ فائنڈننگ مشن بھیجے، ہماری طرف سے کوئی پابندی نہیں۔ اس سے قبل جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائدین نےراجہ فاروق حیدرسے ملاقات کی، انہوں نے کہا کہ ہم نے مبصرین کو آگاہ کیا ہے کہ اگر 6ماہ کے اندر ریاستی دہشت گردی ختم نہ ہوئی تو دونوں اطراف کے کشمیری سیز فائر لائن توڑ دیں گے۔ قبل ازیں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ ہمارے پاس تمام سیاسی جماعتیں اظہار یکجہتی کے لیے آتی ہیں ہم ان کے شکرگزار ہیں لیکن یہ جماعتیں دوغلی پالیسی چھوڑ کر کشمیر کی آزادی کے لیے متحد اور منظم ہو جائیں۔