برطانیہ کشمیریوں کو بھارتی ظلم سے بچانے کیلئے کردار ادا کرے، رانا بشارت

October 20, 2019

لندن (پ ر) انٹر نیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین رانا بشارت علی خان کی لندن کے دورے کے موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان سے ملاقات میں کشمیر میں کرفیو، لاک ڈائون، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیر کی تازہ صورت حال بارے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات سے قبل انٹر نیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین رانا بشارت علی خان نے لندن برطانوی پارلیمنٹ میں تحریک کشمیر برطانیہ کے زیراہتمام کشمیر کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر رانا بشارت علی خان نے برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئر پرسن ایم پی ڈیبی ابراہم، شیڈو وزیر ایم پی لیز میکنس اور دیگر برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر رانا بشارت علی خان نے سردار مسعود خان سے ملاقات میں انہیں یقین دلایا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور قوانین میں تبدیلیوں کے خلاف بین الاقوامی فورمز پر مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ دنیا بھر میں انسان دوست اور انسانی حقوق کے لئے متحرک تنظیمیں، شخصیات بھارت کے اس مذموم کردار پر بات کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی اداروں اور دنیا کے بڑے ممالک کو اس پر نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ہم بین الاقوامی محاذ پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ یکم نومبر کو جنیوا میں کشمیر میں ظلم و ستم، کرفیو، لاک ڈائون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ رانا بشارت علی خان نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کو بتایا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ہیڈ کوارٹر کے باہر ڈھائی ماہ سے جاری کرفیو اور لاک ڈائون کے ذریعے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج ہو گا جس میں نہ صرف کشمیری و پاکستانی بلکہ انسان دوست اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے مندوبین بھی شریک ہوں گے۔ اس موقع پر انٹر نیشنل ہیومن رائٹس مؤومنٹ کے چیئرمین رانا بشارت علی خان نے برٹش پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی جانب سے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کو بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کے لئے کام کرنے پر شیلڈ پیش کی۔ دریں اثناء برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کانفرنس کے موقع پر برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراہم، شیڈو وزیر ایم پی لیز میکنس اور دیگر ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات میں دنیا بھر میں انسانی حقوق کی پامالیوں بالخصوص کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں گفتگو کی اور ممبران پارلیمنٹ پر زور دیا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کو کشمیریوں کو بھارتی ظلم و تشدد سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور برطانوی حکومت کو بھارت پر دبائو بڑھانے سمیت دیگر عملی اقدامات کے لئے آگے بڑھنا چاہئے۔ حکومت برطانیہ دنیا بھر میں جہاں جنگ، شورش اور انسانی حقوق کی پامالیاں ہیں وہاں مداخلت کرتی ہے برطانوی حکومت اس روایت کو کشمیر کے کروڑوں انسانوں کے لئے بھی اسی طرح کی کوششوں کی ضرورت ہے۔