مولانا کی جماعت نے ایوان میں مسئلہ نہیں اٹھایا: قاسم سوری

October 20, 2019

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن نےایک دم سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا، حالانکہ ان کی جماعت نے کبھی ایوان میں کوئی مسئلہ نہیں اٹھایا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو ہدفِ تنقید بنا رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ بات چیت سے مسئلہ حل ہوجائے، ڈنڈے لہرا کے ڈرانے دھمکانے کا طریقہ کبھی نہیں دیکھا۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد میں آزادی مارچ نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مسلم لیگ نون اور پاکستان پارٹی سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں نے بھی مولانا فضل الرحمٰن کا مارچ میں ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔