شاہین، نسیم، حسنین اور موسیٰ فاسٹ بولرز کی نئی جنریشن ہیں، وقار

October 21, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور میں فاسٹ بولنگ کیمپ اختتام پر پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے چار نوجوان فاسٹ بولروں شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین اور محمد موسی کی تصاویر شیئر کی ہیں اور لکھا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولروں کی انرجی سے متاثر کن ہے۔ آسٹریلیا کی طرز پر فاسٹ بولروں کا پول بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔دورہ آسٹریلیا کے لئے نوجوان بولروں کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔ وقار یونس نے چار فاسٹ بولروں شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین اور محمد موسی کو پاکستان کی نئی جنریشن قرار دے دیا ہے۔ ہفتے اور اتوار کوقذافی اسٹیدیم لاہور میں مصباح الحق اور وقار یونس کی نگرانی میں قائد اعظم ٹرافی اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 13 بولروں کو مدعو کیا گیا ان کے ساتھ محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی بھی شامل تھے، نیٹ پر بابر اعظم ان بولروں کو کھیلتے رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین اور محمد موسی سےمتاثر دکھائی دیئے ۔ خاص طور پر وقار یونس محمد موسیٰ کی فٹنس سے متاثر ہیں جبکہ نسیم شاہ کے کم عمر ہونے کے باوجود ٹیلنٹ نےگرویدہ بنا لیا ہے۔ محمد عباس آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیئے فٹ قرار دے دیئے گئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی ڈینگی بخار سے مکمل چھٹکا را پا چکے ہیںاور ہیم اسٹرنگ انجری بھی بہتر ہے۔ کیمپ کے اختتام پر مصباح الحق نے تمام بولروں کو لیکچر دیا۔