عثمان بزدار نے نئے ڈاکٹرز بھرتی کرنے کی منظوری دیدی

October 21, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

عثمان بزدار نے نئے ڈاکٹرز بھرتی کرنے کی منظوری دیدی

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نئے ڈاکٹرز بھرتی کرنے کی منظوری دے دی۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی اور ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

عثمان بزدار نے دوران گفتگو صوبائی وزیر صحت کو نئے ڈاکٹرز کی بھرتی کے لیے فی الفور اقدامات کی ہدایت کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال یا احتجاج ڈاکٹرز کے نوبل پروفیشن کے منافی ہے، سڑکیں بند کرکے ڈاکٹر قوم کی خدمت نہیں کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز کی ہڑتال دکھی انسانیت کی خدمت کے عہد کی نفی ہے، ڈاکٹروں کی ہڑتال سے مریض مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے لیےتکلیف دہ ہے کہ مریض بروقت علاج سے محروم رہیں، مریضوں کے ساتھ عام آدمی بھی متاثر ہو رہا ہے، کسی مہذب معاشرے میں ڈاکٹرز کو ایسا احتجاج زیب نہیں دیتا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مریضوں کا علاج معالجہ کرنا ڈاکٹرز کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، مطالبات منوانے کیلئے کام نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا ہمارا مشن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر صحت کو ڈینگی کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید موثر انداز میں سرویلنس جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ انسداد ڈینگی کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔