ہمبرگ اور برلن میں کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے مظاہرے کریں گے، پرویز خالد

October 23, 2019

جرمنی(پ ر) تحریک کشمیر یورپ جرمنی کے صدر پرویز خالد اور جنرل سیکرٹری فاروق بیگ نے کہا ہے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر ہمبرگ اور برلن میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے احتجاجی مارچ اور مظاہرہ کیا جائے گا 26 اکتوبر کو ہمبرگ میں ہونے والے مظاہرے میں تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب خصوصی طور پر شرکت کریں گے، مختلف کشمیر اور پاکستانی تنظیموں کے مرکزی اور سرکردہ رہنماعلمائے کرام مظاہرے میں شرکت کر کے مظلوم کشمیریوں کی آواز بھارتی ظلم اور بربریت کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے 27 اکتوبر کو برلن میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں تحریک کشمیر جرمنی برلن کے صدر خالد محمود بٹ اور دیگر رہنما اور کارکن بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی ماہ سے بھارت نے جس طرح کرفیو نافذ کر کے مقبوضہ کشمیر کو بند کر رکھا ہے ظلم اور بربریت کی داستانیں رقم کی جارہی ہیں اس کے باوجود نہتے عوام جس استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں بھارت کی دہشتگرد حکومت اور مودی کے لئے بڑا واضع پیغام ہے کہ کشمیر کے بہادر اور غیور عوام بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں، تحریک کشمیر جرمنی کے رہنمائوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اپنا حق آزادی حاصل کر کے دم لیں گے۔