نواز شریف کی صحت،ذمہ داری حکومت پر ہی آئیگی،تجزیہ کار

October 23, 2019

کراچی(جنگ نیوز)جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان ابصاء کومل کے سوال نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف،کیا عمران خان پر شہباز شریف کی جانب سے یہ الزام جائز ہے؟

حسن نثار نے کہاکہ نواز شریف کی ناساز حالت کیلئے عمران خان کو ذمہ دار ٹھہرانا انتہائی نامعقول اور احمقانہ بات ہے،

برطانوی صحافی شہباز شریف کی وجہ سے پوری قوم کا مذاق اڑارہا ہے وہ اس کو جواب دیں۔

حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو معاملات ہینڈل کرنے کا طریقہ نہیں آرہا، وہ منتقم مزاج ہیں نواز شریف کو کچھ ہو جاتا ہے تو ملک میں انارکی پھیل سکتی ہے۔

بابر ستار نے کہا کہ نواز شریف ریاست کی حراست میں ہیں ان کی صحت پر غفلت ہوتی ہے تو ذمہ داری وزیراعظم پر ہی آئے گی۔ محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی بات جائز ہے،

وزراء نواز شریف کی صحت سے متعلق مسلسل غیرمحتاط الفاظ استعمال کررہے ہیں۔ مظہر عباس نے کہا کہ نواز شریف کو دورانِ حراست کچھ ہوتا ہے تو ریاست، حکومت اور سربراہ حکومت ذمہ دار ہوتا ہے،

عمران خان کم از کم یہ بات یاد رکھیں کہ 2013ء میں جب انہیں حادثہ پیش آیا تھا تو نواز شریف نے اپنی انتخابی مہم ادھوری چھوڑ کر ان کی عیادت کی تھی۔ دوسرے سوال پاکستانی معاشرے میں می ٹو کے کیسوں کو سنجیدہ کیوں نہیں لیا جاتا؟ کا جواب دیتے ہوئے محمل سرفراز نے کہا کہ پاکستان میں جو بھی جنسی ہراسانی یا زیادتی کا شکار ہوتا ہے سب سے پہلے اسی پر ہی الزام تراشی شروع کردی جاتی ہے۔

حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ فلمساز محمد جامی کو اپنے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے شخص کا نام لینا چاہئے،جنسی زیادتی کی شکایات معاشرے کے ہر طبقے سے آتی ہیں صرف مدرسوں کا ذکرکرنا مناسب نہیں ہوگا۔