مریم نواز کی طبیعت بھی ناساز ، اسپتال میں داخل

October 23, 2019


سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی طبعیت ناساز ہونے پر سروسز اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال لایا گیا، جہاں انہوں نے اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

مریم نواز نے اپنے والد سے ایک گھنٹے طویل ملاقات سے قبل ان کے ڈاکٹروں سے ملاقات کی اور نواز شریف کی صحت سے متعلق بریفننگ لی۔

ذرائع کے مطابق والد سے ملاقات کے بعد مریم نواز کی طبیعت بھی اچانک ناساز ہوگئی، جس کے بعد انہیں سروسز اسپتال میں داخل کیا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، جس میں سی بی سی ٹیسٹ بھی شامل ہے، جس کی رپورٹ جلد متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی فیملیز کو ان کی طبیعت سے آگاہ کردیا گیا ہے، نواز شریف کے کل مزید ٹیسٹ ہونے ہیں۔

نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد ایک بار پھر تشویشناک حد تک گر گئی تھی، جس کے بعد انہیں دوبارہ پلیٹ لیٹس یونٹ لگایا گیا۔

میڈیکل بورڈ کی معاونت کے لیے اسلام آباد اور کراچی سے اسپیشل ڈاکٹر بلائے گئے ہیں۔