شاہ حسین شاہ دوسری مرتبہ اولمپک کوالیفکیشن کے قریب

October 26, 2019

پاکستان کے ٹاپ جوڈوکا شاہ حسین شاہ ابوظہبی گرانڈ سلام میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹوکیو اولمپکس میں جگہ بنانے کے قریب پہنچ گئے ہیں، یہ جوڈو گرانڈ سلام میں کسی بھی پاکستانی کی سب سے بہترین پرفارمنس ہے۔

پاکستان جوڈو فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اگر شاہ حسین شاہ اپنی پوزیشن برقرر رکھیں تو وہ کونٹی نینٹل کوٹہ پر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیں گے۔

ابوظہبی جوڈو گرانڈ سلام میں مائنس ہینڈریڈ کے جی ویٹ کیٹیگری میں شاہ حسین شاہ کو پہلے راونڈ میں بائی ملی، جس کے بعد دوسرے راونڈ میں انہوں نے یوکرائن کے عالمی نمبر 55 اینٹون سیوٹسکی کو شکست دی، تیسرے راونڈ میں پاکستانی جوڈوکا نے عالمی نمبر اٹھائیس ازبکستان کے محمد کریم خرماو کو مات دی تاہم کوارٹر فائنل میں انہیں آزاربائیجان کے کھلاڑی نے شکست دیدی جس کے بعد ری پیج کی پہلی فائٹ میں شاہ حسین شاہ نے چین کے ایری ہمباتو کو شکست دی لیکن میڈل فائٹ میں پاکستانی کھلاڑی کو کینڈا کے عالمی نمبر چار شیڈی ایلناس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گرانڈ سلام میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد شاہ حسین شاہ کو کم از کم ساڑھے تین سو پوائنٹس ملنے کا امکان ہے جس کے بعد وہ اولمپکس کوالیفائیکشن کے لیے مستحکم پوزیشن میں آگئے ہیں۔

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری مسعود احمد کے مطابق حتمی رینکنگ ایک دو روز میں طے ہوجائے گی تاہم اگر حسین شاہ اس وقت اپنی پوزیشن کو برقرار رکھیں تو وہ کونٹی نینٹل کوٹہ پر جگہ بناسکتے ہیں۔

شاہ حسین شاہ اب آسٹریلین گراں پری میں شرکت کریں گے جس کے بعد ہانگ کانگ میں بھی ایک ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔

جوڈو فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ان ایونٹس میں شرکت سے شاہ حسین شاہ کی اولمپکس کے لیے پوزیشن اور بھی مضبوط ہوگی۔