بھارت کے یوم جمہوریہ پر جاپان میں یوم سیاہ

October 28, 2019

27 اکتوبر کو بھارت کا یوم جمہوریہ دنیا بھر کی طرح جاپان میں بھی یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔

اس موقع پر کشمیریوں کی معروف تنظیم کشمیر یکجہتی فورم کے زیر اہتمام جاپان میں مقیم پاکستان و کشمیری برادری نے بھارتی سفارتخانے کے سامنے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔

کشمیری رہنما کشمیر یکجہتی فورم کے سربراہ شاہد مجید ایڈوکیٹ نے بھارتی مصنوعات کا سختی سے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوے کہا کہ جاپان کے دارالحکومت میں بھارت کے نام نہاد چہرے کو اور نام نہاد جمہوریت کو ہر جگہ بے نقاب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کی حیثیت ختم کر کے بھارتی حکومت دہشت گردی کر رہی ہے۔ شاہد مجید نے کہاکہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، انشاللہ کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام اپنی جہدو جہد جاری رکھیں گے۔

مظاہرے میں پاکستانی و جاپانی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ جاپانی پولیس کی بڑی تعداد سفارتخانے اور مظاہرین کی سکیورٹی کے لیے موجود تھی۔