آمرانہ اقدام مقبوضہ کشمیر کی حیثیت نہیں بدل سکتے، علی گیلانی

November 01, 2019

حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے آمرانہ اقدامات کے ذریعے جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو بدل نہیں سکتا ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر، لداخ کی تقسیم کے لیے نئے قانون کے اطلاق پر ردعمل دیتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ دو کٹھ پتلی آمرمسلط کرکے بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت کی جدوجہد سے روکنا چاہتا ہے۔

سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارت اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام کو محکوم نہیں رکھ سکتا، یہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور بین الاقوامی قانون کی کُھلم کُھلا خلاف ورزی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حالیہ اقدامات سے کشمیری عوام میں بھارت سے نفرت، ناراضی اور مزاحمت کئی گنا بڑھی ہے، کشمیریوں کی طرف سے خاموش احتجاج کو طوفان سے پہلے کی خاموشی سمجھا جانا چاہیے۔

حریت رہنما نے کشمیریوں پر بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔