دبئی کے جزیرہ السنیہ سے قدیم موتیوں کا شہر دریافت

May 16, 2024

فوٹو پشکریہ ایجنسی اے پی

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے شمال مشرق میں تقریباً 42 میل کے فاصلے پر واقع سیاحتی مقام جزیرہ السنیہ سے ماہرین آثار قدیمہ نے حال ہی میں قدیم بستیوں کو دریافت کیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یہ قدیم بستیاں اس خطے کی ابتدائی تاریخ کے بارے میں بصیرت فراہم کرتی ہیں۔

رپورٹ میں اماراتی محکمۂ سیاحت اور آثار قدیمہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ بستیاں گزشتہ سال مارچ میں کُھدائی کے ذریعے دریافت کی گئیں جس کے بعد یہ معلوم ہوا کہ وہاں ایک قدیم موتیوں کا شہر موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ اماراتی محکمۂ سیاحت اور آثار قدیمہ

ماہرین آثار قدیمہ کا خیال ہے کہ یہ جگہ ممکنہ طور پر چوتھی صدی کی ہے یعنی کم از کم 16 سو سال پرانی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ اس مقام سے متعدد بڑے جار بھی دریافت ہوئے ہیں جنہیں میسوپوٹیمیا سے درآمد کیا گیا تھا، ان میں سے دو جارز پر آرامیک زبان کی تحریریں تھیں جو کہ پہلی سے چوتھی صدی کے عرصے سے وابستہ ہیں۔

فوٹو بشکریہ اماراتی محکمۂ سیاحت اور آثار قدیمہ

اُنہوں نے مزید بتایا کہ یہ کھنڈرات گمشدہ شہر توام کے ہو سکتے ہیں کیونکہ تحقیقات کے نتائج تاریخ میں موجود اس شہر کے بارے میں موجود معلومات سے ملتے ہیں۔

اس قدیم شہر کو موتیوں کا شہر (Pearling City) کیوں کہا گیا؟

دراصل، انگریزی کے لفظ’پرلنگ‘ کا مطلب سمندر کے پانی میں موجود جانداروں اور موتیوں کی تلاش کرنا ہے جو ہزاروں سالوں سے اس خطے کی ثقافت کا حصّہ ہے۔