بھارت: بندر کی جانب سے پیھنکے گئے پتھر سے 4 ماہ کا بچہ ہلاک

November 05, 2019

شمالی بھارت کی ریاست اترپردیش (یوپی) کے شہر مظفر گڑھ میں ایک غیر متوقع اور عجیب و غریب واقعے میں چار ماہ کا ایک بچہ اس وقت موت کا شکار ہوگیا جب گھر کے ٹیرس پر بیٹھے بندر نے ایک پتھر اوپر سے نیچے پھینک دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ کمسن بچہ اپنے ماں باپ کے ساتھ اپنے گھر میں موجود تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ بندر پتھر کو مضبوطی سے سنبھالنے میں ناکام رہا اور وہ نیچے بچے پر آگرا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔

جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بچے کو مردہ قرار دیدیا۔

بھارت میں بندر وبال بن چکے ہیں اور یہ بچوں بالخصوص نومولود بچوں پرحملے کے حوالے سے خاصے بدنام ہیں۔

یاد رہے کہ اس سال مئی میں بندر نے وسطی بھارت کے ایک قصبے میں لوگوں پر حملہ کرکے ایک ساٹھ سالہ شخص کو ہلاک اور 9 دیگر افراد کو زخمی کردیا تھا۔

گزشتہ اکتوبر میں آگرہ شہر کے مضافات میں ایک بندر نے ایک ماں کی گود سے اسکے 12دن کے بچے کو جھپٹ کر اسے جان سے مارڈالا تھا۔

جبکہ چند ماہ قبل بندروں کے ایک گروپ نے آگرہ کے تاج محل کی سیاحت کو آنے والے دو غیرملکی سیاحوں پر بھی حملہ کردیا تھا۔

بندر تاج محل کے داخلی راستے کے اردگرد خوراک کی تلاش میں آتے ہیں، جہاں پر تاریخی یاد گار دیکھنے کے لیے آنے والے سیاحوں کے بیگ اور سامان کی تلاشی لی جاتی ہے اور اس میں سے کھانے پینے کی اشیا نکال کر پھینک دی جاتی ہے۔

اس سال کے شروع میں مقامی پولیس نے ان بندروں سے نمٹنے کے لیے غلیل کا استعمال شروع کیا تھا، پولیس اہلکاروں کو توقع تھی کہ بندر غلیل اٹھاکر اس میں پتھر لگاتا دیکھ ہی بھاگ جائیں گے۔