کرتار پور راہداری کے پیچھے پاکستانی فوج اور ایجنسیاں ہیں، وزیر اعلیٰ بھارتی پنجاب

November 07, 2019

نئی دہلی (جنگ نیوز )وزیر اعلی بھارتی پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ کرتار پور راہداری کے پیچھے پاکستانی فوج اور ایجنسیاں ہیں ،انہوں نے کہا کہ بطور سکھ مجھے کرتار پور راہداری کے افتتاح کی خوشی ہے لیکن انہیں اس منصوبے سے متعلق پاکستان کی نیت پر کچھ تحفظات بھی ہیں کہ آخر پاکستان 70 سال بعد اب کیوں یہ راہداری کھول رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے قبل ہی پاکستانی فوج کے سربراہ نے سدھو کو راہداری کھولنے کا بتادیا تھا ۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست پنجاب کے وزیراعلی کیپٹن (ر) امریندر سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ کرتارپور راہداری کھولنے کے پیچھے پاکستانی فوج اور اس کی ایجنسیاں ہیں ۔بھارتی جریدے ʼانڈیا ٹوڈے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ اگست 2018 میں عمران خان کے بطور وزیر اعظم حلف برداری سے قبل ہی پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی جماعت کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو بتادیا تھا کہ پاکستان کرتارپور راہداری کھول رہا ہے۔