بھارت آج 3500؍ کلومیٹر رینج کے آبدوز سے فائر کئے جانیوالے شوریہ میزائل کا تجربہ کریگا

November 08, 2019

اسلام آباد (صالح ظافر) بھارت جمعہ کو ساڑھے تین ہزار کلومیٹر کی رینج کے حامل آبدوز سے فائر کیے جانے والے کے فور شوریہ بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرے گا۔ یہ تجربہ بھارت کی جانب سے اپنی جوہری صلاحیت کو مضبوط بنانے اور اسے ترقی دینے کا حصہ ہے۔ جوہری صلاحیت کا حامل یہ میزائل بھارتی بحریہ کی استعداد بڑھائے گا، تجربہ آندھرا پردیش ریاست میں وشاکھا پٹنم کے ساحلی علاقے سے کیا جائے گا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ میزائل چین کے تقریباً تمام حصوں تک پہنچنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق، یہ میزائل بھارت کو دوسرے حملے (سیکنڈ اسٹرائیک) کی صلاحیت فراہم کرے گا اور اریہانت کلاس جوہری آبدوز میں نصب کیا جائے گا۔ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی جانب سے تیار کردہ اس بیلسٹک میزائل تجربے کی کامیابی کے بعد اسے باضابطہ طور پر آبدوز سے فائر کیا جائے گا۔