فضائی سفر میں نواز شریف کے دماغ کو نقصان کا خدشہ ہے، ڈاکٹرز

November 08, 2019

سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کی تجویز زیرِ غور ہے، تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ فضائی سفر کے دوران پلیٹ لیٹس کی کمی سے نواز شریف کے دماغ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کو علاج کے لیے بیرونِ ملک بھیجنے کی تجویز ان کے سروسز اسپتال میں زيرِعلاج ہونے کے دوران بھی سامنے آئی تھی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی رائے ہے کہ فضائی سفر کے لیے میاں نواز شریف میں پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے زائد ہونا ضروری ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ فضائی سفر کے دوران پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے کم ہوئے تو دماغ کو نقصان ہو سکتا ہے، نیز اس سفرکے دوران ایئر ایمبولنس اور ڈاکٹرز کا ساتھ ہونا بھی لازم ہے۔

اس سے قبل نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ان کے چھوٹے بھائی میاں محمد شہباز شریف نے وزارتِ داخلہ میں درخواست دائر کر دی تھی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی درخواست وزارتِ داخلہ میں موصول ہو گئی، جس کا حکام قانونی پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں۔

درخواست میں نواز شریف کی بیماری اور بیرونِ ملک علاج کا ذکر کیا گیا ہے، سابق وزیرِ اعظم کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا، تاہم اب ان کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گيا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فیصلے کی باضابطہ ہدایات کا وزارتِ داخلہ میں انتظار کیا جا رہا ہے، نوازشریف کا نام آئندہ 48 گھنٹوں میں ای سی ایل سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: نواز شریف کی طبیعت پہلے سے زیادہ خراب ہے: مریم نواز

نوازشریف کا نام وفاقی حکومت کی واضح ہدایت کے بعد ہی ای سی ایل سے ہٹایا جائے گا۔

ادھر شہباز شریف نے اپنے بھائی میاں نواز شریف کی تیمار داری کے لیے ذاتی اور سیاسی مصروفیت ترک کر دی ہے، نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف بھی بیرون ملک جا سکتے ہیں۔

بعض ذرائع کے مطابق نواز شریف کی ممکنہ بیرون ملک روانگی 16 نومبر کو ممکن ہے۔