• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا نام ECL سے ہٹانے کا فیصلہ، ذرائع

سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی باضابطہ ہدایات کا وزارتِ داخلہ میں انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد نواز شریف کا نام آئندہ 48 گھنٹوں میں ای سی ایل سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نوازشریف کا نام وفاقی حکومت کی واضح ہدایت کے بعد ہی ای سی ایل سے ہٹایا جائے گا، جس کے لیے نیب سے مشاورت کا بھی امکان ہے۔

ای سی ایل سے نام خارج ہونے کے بعد نواز شریف اگلے ہفتے علاج کے لیے لندن روانہ ہوسکتے ہیں۔

اس سے قبل میاں نواز شریف کے بھائی، مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف نے ای سی ایل سے نواز شریف کا نام نکالنے کے لیے وزارتِ داخلہ میں درخواست جمع کرائی تھی۔

مریم نواز کی نواز شریف کی طبیعت کے حوالے سے  میڈیا سے گفتگو


ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے نواز شریف کی تیمار داری کے لیے ذاتی اور سیاسی مصروفیت ترک کر دی ہیں، جبکہ نواز شریف کو ان کے اہلِ خانہ نے راضی کیا ہے کہ وہ بیرونِ ملک علاج کے لیے جائیں، ان کے ہمراہ شہباز شریف بھی بیرونِ ملک جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ آج سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میاں نواز شریف کی طبیعت پہلے سے بہت زیادہ خراب ہے، گزشتہ روز ان کے پلیٹ لیٹس پھر کم ہو گئے تھے۔

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا تھا کہ میاں نواز شریف علاج کے لیے کب باہر جا رہے ہیں؟

یہ بھی پڑھیئے: عوام کے پلیٹلیٹس پر رحم کریں، فواد کی نواز سے درخواست

مریم نواز نے جواب دیا کہ نوازشریف کی طبیعت تھوڑی نہیں بہت خراب ہے، والد کا جہاں بھی دنیا میں علاج ممکن ہے، انہیں جانا چاہیے، میری ماں کے جانے کے بعد والد میرا سب کچھ ہیں، سیاست تو ساری زندگی چلتی رہتی ہے، مگر والدین دوبارہ نہیں ملتے، پہلے والد کی صحت ہے، سیاست بعد کی بات ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ میں اپنی والدہ کو ایک سال قبل کھو چکی ہوں، اب 24 گھنٹے والد کے ساتھ رہتی ہوں، بڑی مشکل سے وقت نکال کر والد کو چھوڑ کر عدالت آئی ہوں، نواز شریف بیرونِ ملک علاج کرانے کے لیے تیار ہیں، میرا نام ای سی ایل میں ہے، میں سفر نہیں کر سکتی، پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے، اس لیے والد کے ساتھ ان کے علاج کے لیے ملک سے باہر نہیں جا سکتی۔

سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی نے یہ بھی کہا کہ ای سی ایل سے میاں نواز شریف کا نام نکلوانے کے لیے قانونی معاملات میرے چچا شہباز شریف دیکھ رہے ہیں۔

تازہ ترین