کنٹینر میں ہلاک تمام 39 افراد کی باضابطہ شناخت مکمل، ویتنامی شہری تھے، ایسیکس پولیس

November 09, 2019

لندن (پی اے) ایسیکس پولیس نے کہا ہے کہ ٹریلر کے کنٹینر میں ہلاک تمام 39افراد کی باضابطہ شناخت مکمل کر لی گئی ہے، شناخت کرنے والے کمیشن کو ویتنامی پولیس کے تعاون سے کئی فائلز پیش کی گئیں، کورونر کیرولین بیسلی مری نے تمام متاثرین کو شناخت کر کے ان کے ورثا کو مطلع کر دیا ہے۔ ایسیکس پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تمام ہلاک شدگان ویتنامی تھے، انویسٹیگیشن کے سربراہ اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل ٹم سمتھ کا کہنا تھا کہ تحقیق میں یہ ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خبر صرف متاثرین کی فیمیلیز کیلئے ہے، تاکہ ان تک اپنے پیاروں کی اموات کی تصدیق پہنچ جائے، اس کے بعد دیگر انفارمیشن جاری کی جائیں گی، ہمارے احساسات متاثرین کی فیمیلیز اور ان کے دوستوں کے ساتھ ہیں کہ متاثرین کا بدقسمت سفر ہمارے ساحل پر آ کر ختم ہوا۔ قبل ازیں ویتنامی پولیس اپنے ہی ملک میں 11 ملزمان کو گرفتار کر چکے ہیں، جن پر اس انسانی سمگلنگ کا شبہ ہے اور یوکے میں اب تک دو ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اس کے علاوہ ایسیکس پولیس ایک 22 سالہ ملزم کو آئرلینڈ سے لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ آئرلینڈ کے ایئمن ہیریسن کو قتل کے 39 کائونٹس پر ڈبلن ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا تھا، ٹریلر کے ڈرائیور مو رابنسن کو بھی قتل کے 39 الزامات کے تحت میجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے۔ دونوں پر انسانی سمگلنگ، امیگریشن کے جرائم، منی لانڈرنگ کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں، سراغ رساں، رونن ہیوز اور اس کے بھائی کرسٹوفر کو بھی شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔