لکی مروت میں پولیو کے مزید 2 کیسز، ملک میں 82 بچے متاثر

November 09, 2019

پشاور (نمائندہ جنگ) قومی ادارہ صحت نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے مزید دو بچوں میں پولیو کی تصدیق کر دی ہے جس سے صوبے میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 61 ہوگئی، جبکہ ملک بھر میں متاثرہ بچوں کی تعداد 82ہوگئی ہے، بلوچستان سے سات، پنجاب سے پانچ، سندھ سے نو کیس سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ضلع لکی مروت کے چانڈو خیل، یونین کونسل کوٹ کشمیر، تحصیل سرائے نورنگ کے 15 ماہ اور 22 ماہ کے دو بچوں کے نمونے قومی ادارہ صحت بھجوائے گئے تھے، بچوں کو معمول کی مہم کے دوران قطرے نہیں ملے تھے۔

رواں سال لکی مروت میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد تعداد 14ہوگئی ، بنوں ڈویژن سے اب تک 45 کیس سامنے آئے ہیں۔

چارسدہ، ڈیرہ اسماعیل خان، خیبر، باجوڑ، شانگلہ، جنوبی وزیرستان سے ایک ایک، ہنگو سے دو، تورغر سے سات، شمالی وزیرستان سے آٹھ، بنوں سے 23 کیس سامنے آئے ہیں ملک بھر میں دو نئے کیس کے ساتھ تعداد 82 ہوگئی۔

بلوچستان سے سات، پنجاب سے پانچ، سندھ سے نو کیس سامنے آئے ہیں۔