لاہور ہائیکورٹ،کرنل(ر)ثاقب محمود کی درخواست،متعلقہ محکمہ سے جواب طلب

November 09, 2019

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے توہین عدالت کی درخواست پر تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔ کرنل ریٹائرڈ ثاقب محمود نے کرنل(ر) انعام الرحیم ایڈوکیٹ کے ذریعے دائر توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ 15دسمبر 2014 کوہائوسنگ سو سائٹی سے ریٹائرمنٹ کے بعد عسکری کالونی میں ضابطے کے مطابق اپارٹمنٹ الاٹ ہوا تھا جس کے تمام واجبات بھی کلیئر ہیں۔ پانچ سال بعدکسی ضرورت کے تحت اپارٹمنٹ فروخت کر نےکیلئے این او سی لینے گیا تواین او سی جار ی کرنے سے انکار کردیا گیا۔ کوششوں کے باوجود جواب اور این او سی نہ ملنے پر عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا۔ جس پر 7اگست2019کو عدالت نے معاملہ متعلقہ محکمے کو بھجواتے ہوئے ایک ہفتہ میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت کی تھی لیکن آج تک مسئلہ حل نہیں ہوا۔ دوران سماعت عدالت عالیہ نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کو متعلقہ محکمے کے پاس بھجوا دیتے ہیں جس پر وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت پہلے بھی سات روز کی مہلت دے چکی ہے لیکن فیصلہ نہیں کیا گیا، بادی النظر میں توہین عدالت ہے۔ جس کے بعد عدالت عالیہ نے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔