ٹور میچ: بابر، اسد نے آسٹریلینز کو دھول چٹادی، 276 کی پارٹنرشپ

November 11, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

ٹور میچ: بابر، اسد نے آسٹریلینز کو دھول چٹادی، 276 کی پارٹنرشپ

بابر اعظم اور اسد شفیق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹور میچ میں آسٹریلیا اے کے خلاف ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو بچالیا اور 276 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کرکے کینگروز کے لیے خطرے کی گھنٹیاں بجادیں۔

پرتھ میں آسٹریلیا اے کے خلاف کھیلے جارہے 3 روزہ ٹور میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر مشکلات کا شکار ہوگئی۔

کپتان اظہر علی 13، حارث سہیل 47 اور شان مسعود 60 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

ایسے میں بابر اعظم نے تجربہ کار اسد شفیق کے ہمراہ مل کر نہ صرف ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا بلکہ ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔

بابر اعظم نے 157 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ پہلے روز کھیل کے اختتام تک اسد شفیق بھی اپنی سنچری مکمل کرچکے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بابر اعظم کی اس اننگز کو خوب پسند کیا گیا جبکہ اس اننگز کی جھلکیاں بھی پیش جاری کی گئیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 21 نومبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈے نائٹ ہوگا جو 29 نومبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-2 سے شکست کے بعد ناقدین پاکستان کو آسان حریف قرار دے رہے تھے، تاہم ٹور میچ میں بابر اعظم اور اسد شفیق کی شاندار کارکردگی نے ٹیم کے حوصلے بلند کیے جبکہ آسٹریلیا کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔