گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کے کارندوں سمیت 38 ملزمان گرفتار

November 12, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال پولیس نے گھروں میں100سے زائد ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کےکارندوں سمیت 38 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ،منشیات،سونا،نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا، ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے پیر کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ گلشن اقبال پولیس نے ہائوس رابری کا گینگ پکڑا ہے،ملزمان کا گروہ 7 افرادپر مشتمل ہے جن میں سے 5 پکڑے جاچکے ہیں،گروہ کا سرغنہ وسیم کمانڈو ،جبکہ دیگر ملزمان میں جاوید، عتیق، امین اور ساجد شامل ہیں،دو ملزمان ساحل عرف سنی اور ایاز فرار ہو گئے، ملزمان سے ہینڈ گرنیڈ، چار ٹی ٹی پستول، 27 لاکھ روپے کیش اور 275 گرام سونا اور کار برآمد کی گئی ہے،انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان بہادر آباد،فیروزآباد،گلشن اقبال، گلستان جوہر، ڈیفنس، کلفٹن، گذری، درخشاں، تیموریہ،ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں میں 100 سے زائد وارداتیں کرچکے ہیں، ملزم وسیم کمانڈو مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھ چکا ہے اورماضی میں قتل اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے، وسیم 10 افراد کو ٹارگٹ کر کے قتل کر چکا ہے،ملزم نے 12 سالہ بچی شبانہ کو بھی قتل،پولیس موبائل پر فائرنگ کر کے پولیس کانسٹیبل کو بھی زخمی کیاجبکہ ملزم کئی افراد سے بھتہ لینے میں بھی ملوث ہے،انہوں نے بتایا کہ ملزمان ماضی میں بھی گرفتار ہوچکے ہیں، لیکن ناقص تفتیش اور گواہوں میں خوف کی وجہ سے ملزمان کو سزا نہ ملی،انہوں نے بتایا کہ ملزمان واردات سے قبل بنگلے کی ریکی کرتے تھے ، واردات کے بعد لوٹا گیا سونا اور رقم وسیم کمانڈو کے حوالے کرتے تھے اور وسیم اپنے گھر لے جاکر سب کو حصہ تقسیم کرتا تھا، دریں اثنا پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران جواریوں اور قتل میں ملوث سمیت 33 ملزمان کوگرفتار کر لیا کرکے اسلحہ ، قمار بازی کا سامان ،نقدی ، منشیات،اور دیگر سامان برآمد کرلیا،پولیس کے مطابق ملزم کاشف سابق پولیس اہلکار اور پہلے بھی تھانہ پاپوش سے منشیات فروشی کے مقد مے میں گرفتار ہو چکا ہے۔