سعودی عرب کا ایران پر جوہری پروگرام سے متعلق دھوکا دہی سے کام لینے کا الزام

November 13, 2019

ریاض (شاہد نعیم)سعودی عرب کی کابینہ نے ایران پر اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں دھوکا دہی اور ابہام سے کام لینے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ جوہری توانائی کے عالمی ادارے (آئی اے ای اے) کو اپنی حساس جوہری سرگرمیوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے میں تاخیری حربے استعمال کررہا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے تحت جوہری توانائی کے عالمی ادارے (آئی اے ای اے) نے اپنی تازہ رپورٹ میں ایران میں ایک غیر علانیہ جگہ میں یورینیم کے ذرّات کا سراغ لگانے کا انکشاف کیا ہے۔آئی اے ای اے نے سوموار کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق یہ رپورٹ جاری کی ہے اور اس میں کہا ہے کہ اس جگہ سے یورینیم کے قدرتی ذرّات کا پتا چلا ہے، ایران نے پہلے اس کے بارے میں ایجنسی کو مطلع نہیں کیا تھا۔سعودی میڈیاکے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کابینہ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری توانائی کے عالمی ادارے اور اس کے معائنہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ایران نے گذشتہ ہفتے فردو میں واقع اپنی زیر زمین جوہری تنصیب میں یورینیم کو اعلیٰ سطح پرافزودہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔