پی کے 87میں خوتین ڈگری کالج کیلئے فنڈز جاری نہ کرنےکیخلاف رٹ ، سماعت ملتوی

November 13, 2019

پشاور(نیوزرپورٹر)پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اورجسٹس احمد علی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سابق صوبائی وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی شیراعظم خان وزیر کے حلقے پی کے 87میں خواتین کے ڈگری کالج کو سالانہ ترقیاتی فنڈز میں منظور کرنے کے باوجود منصوبے کیلئے فنڈز جاری نہ کرنے کے خلاف دائر رٹ پر سماعت 21نومبر تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کی مزید مہلت دینے کی استدعا منظور کرلی دو رکنی بینچ نے پیر حمید اللہ شاہ ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر رٹ کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیاکہ مذکورہ منصو بہ 2012-13، کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں منظور ہوا اس منصوبے کے تحت بنوں کی تحصیل ڈومیل کے علاقہ سپین تنگی شہیدان میں گرلز ڈگری کالج بنانا تھا تاہم ابھی تک اس منصوبے کیلئے فنڈز جاری نہیں ہوئے اور اس منصوبے کے بعد مختلف کالجز کی تعمیر عمل میں لائی گئی اور حال ہی میں جولائی 2019میں وزیراعلی نے سوات میں چار مختلف ڈگری کالجز کی منظوری سمیت 11مختلف کالجز منظور کئے اور بنوں میں اسی حلقے کو نظر انداز کر کے دوسرے حلقے پی کے 79کیلئے کالج کی منظوری دی جو کہ صرف سیاسی بنیادوں پر ہے اور اس سے علاقہ کے طالبات کی حق تلفی ہو رہی ہے ۔