ڈی ایچ اے میں سمندری پانی میٹھا کرنیکا پلانٹ لگایا جائیگا، آفتاب صدیقی

November 14, 2019

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے کہا ہے کہ ڈی ایچ اے کے رہائشیوں کے لئے پانی کی قلت کو ختم کرنے کے لئے سمندر کے پانی کو میٹھا کرنے کا پلانٹ لگایا جارہا ہے اس بات کا اعلان انہوں نے این اے 247 کے سیکریرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب صدیقی نے کہا ہے کہ پلانٹ کا قیام ہمارے حلقے کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، ساڑھے تین سال میں ڈی سیلینیشن کا پلانٹ لگانے کا وعدہ کیا تھا، ہم نے ڈیفنس اور کلفٹن کنٹونمنٹ کے ساتھ مل کر کام کیا، ڈی ایچ اے میں دو سے ڈھائی ماہ میں پلانٹ لگا دیا جائے گا، ڈی ایچ اے کو چودہ ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے جبکہ چار پانچ ملین گیلن پانی ملتا ہے، دس ملین گیلن کی ضرورت یہ منصوبہ پورا کرے گا، ابتدائی طور پر پچاس لاکھ گیلن پانی اس منصوبے سے حاصل کیا جائے گا، اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، شہزاد قریشی، ڈاکٹر سنجے گنگوانی، ادیبہ عارف حسن پی ٹی آئی رہنما عمران صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا احساس پروگرام کامیابی سے جاری ہے، بہت جلد احساس پروگرام کے تحت صحت کارڈ کا اجراح کیا جا رہا ہے، رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ڈیفنس کے رہائشیوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے جارہا ہے۔