لوتھیان کے علاقے میں مہلک ڈپتھیریا کے دو کیسز کا انکشاف

November 15, 2019

لندن ( جنگ نیوز) سکاٹ لینڈ میں دو افراد کا ممکنہ طور پر مہلک ڈپتھیریا انفیکشن کا علاج کیا جارہا ہے۔ این ایچ ایس لوتھیان نے تصدیق کی ے کہ دونوں کیسز ڈپتھیریا سے متعلق ہیں اور خیال ہے کہ دونوں مریض ایڈنبرا کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ ہیلتھ بورڈ نے بتایا کہ متاثرہ افراد حال ہی میں بیرون ملک سے واپس آئے تھے۔پبلک ہیلتھ ماہرین نے کہا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ زیادہ تر لوگوں کو بچپن میں لگائے جانے والے حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے اس سے محفوظ رکھا جاتا ہے ۔ این ایچ ایس لوتھیان پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر ایلیسن میک نے کہا کہ ان مریضوں کے تمام قریبی لواحقین کی شناخت ہو گئی اور ان سے رابطہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو فٹ فار ٹریول دیکھنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جہاں وہ بیرون ملک محفوظ اور صحت مند رہنے کے بارے میں معلومات کے ساتھ منزل اور صحت سے متعلق مشورے تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوتھیان میں بچپن میں ہی بچوں کو ڈپتھیریا سے بچائو کے قطرے پلائے جاتے ہیں ۔