بولٹن میں جلوس عید میلاد النبیﷺکیلئے تیاریاں جاری

November 16, 2019

بولٹن (ابرار حسین) بولٹن میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے17نومبر کو نکالے جانے والے جلوس کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں نقشبندیہ اسلمیہ فائونڈیشن کے زیراہتمام عالمی مبلغ اسلام خواجہ صوفی محمد اصغر اسلمی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں خلیفہ صوفی مشتاق حسین، میاں عقیل اختر، ڈاکٹر تصدق حسین، صوفی عثمان حسین اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ اتوار17نومبر کو نکالے جانے والے جلوس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں، انتظامی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پیر خواجہ صوفی محمد اصغر اسلمی نے کہا کہ نقشبندیہ اسلمیہ فائونڈیشن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ گزشتہ25سال سے عید میلادالنبیؐ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس میں پولیس کے علاوہ رضاکار دستے بھی ہمراہ ہوں گے جو جلوس کے تمام روٹس کی کڑی نگرانی کریں گے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میلادالنبیؐ کے جلوس میں ہمیں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شامل ہونا چاہیے اور بالخصوص اپنے بچوں اور نوجوانوں کو بھی ہمراہ لانا چاہیےتاکہ ہماری نئی نسل بھی میلاد پاک کی برکتوں اور آداب سے آگاہ رہے۔ اس موقع پر پروگرام کے منتظم اعلیٰ خلیفہ مشتاق حسین اور میاں عقیل اختر نے بتایا کہ اس سلور جوبلی کے تاریخی جلوس میں برطانیہ، یورپ اور سائوتھ افریقہ نے علمائے کرام مشائخ عظام اور عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد قافلوں کی شکل میں کوچز اور ویگنوں کے ذریعے بولٹن پہنچے گی۔