یونیکسو نئے یکساںتعلیمی نصاب اور تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کیلئے تعاون کرے، شفقت محمود

November 17, 2019

شفقت پیرس( رضا چوہدری ) مقبوضہ جموں و کشمیر کے ہزاروں بچوں کی تعلیم طویل کرفیو کے باعث متاثر ہونے پر سخت تشویش ہے ۔یہ بات پاکستان کے وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمودنے ڈائریکٹرجنرل یونیسکو م آدرے آزولے سے یونیسکو ہیڈکوارٹر پیرس ایک ملاقات میں کہی۔ ملاقات کے دوران تعلیم، ثقافت، سائنس اور مواصلات کے شعبوں سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ سفیر پاکستان برائے فرانس و یونیسکو میں پاکستان کے مستقل مندوب مسٹر معین الحق بھی اس ملاقات کے دوران موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل یونیسکو کو پاکستان میں یکساں تعلیمی نصاب، اساتذہ کی تربیت،سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتربنانے اور تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے معیار اور مساوی تعلیم کی فراہمی کیلئے پاکستان کے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے پاکستان میں نئے یکساں تعلیمی نصاب اور تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ کیلئے یونیسکو کے تکنیکی مشوروں کیلئے درخواست کی۔ وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل یونیسکو کو پاکستان کے وسیع ثقافتی ورثے اور آثار قدیمہ کے مقامات کے نقشہ سازی کے نئے منصوبوں اور بڑی شاہراوں کے ساتھ ثقافتی مقامات کے حوالے سے کافی ٹیبل بک کی اشاعت کے بارے میں بھی آگاہ گیا۔ انہوں نے پاکستان میں ان تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے یونیسکو کی مدد طلب کی۔ وفاقی وزیر نے لاہور کو دنیا کے دیگر 65 شہروں کے ساتھ ادب کے شعبہ میں یونیسکو کے تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک کے رکن کی حیثیت سے تسلیم کرنے پر ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے شہر کے ادبی ورثہ کو تحفظ اور فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور کشمیری عوام کے سلب شدہ بنیادی حقوق خصوصاً تعلیم اور ثقافتی حقوق کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور خصوصی طور پر انہیں بتایا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو لگائے جانے کے بعد سے سے تقریباً پندرہ لاکھ سے زائد طلباء و طالبات سکول جانے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیسکوکشمیری عوام کے دکھوں کو کم کرنے کیلئے اپنا اخلاقی اثرورسوخ استعمال کرے گا۔ اس ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل یونیسکو کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر تعلیم نے ایجوکیشن کمیشن کے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حماد بن محمد الشیخ اور اسلامی تعلیم،سائنس اور ثقافتی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سلیم الملک سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔