ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لئے 13حفاظتی ٹیکوں کی مہم

November 18, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کی جانب سے شہر قائد میں پھیلی ٹائیفائیڈ کی وباء اور بڑھتے ہوئے کیسز میں کمی لانے کے لئے 13روزہ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم کا آغاز ہوگیا ہے ۔مہم کے دوران کراچی میں نو ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 47لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائینگے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایسٹ ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ سندھ میں ٹائفائیڈ مہم کا آغاز 18نومبر سے ہوگا جو 30نومبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران کراچی میں 9ماہ سے 15سال تک کی عمر کے 47 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاو کے حفاظتی ٹیکے لگائیں جائینگے جبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں8لاکھ دو ہزار اکتالیس بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائینگے، مہم میں مجموعی طور پر 14ہزار سے زائد پولیو ورکرز کی ٹیمیں حصہ لینگی، مہم کے دوران ساڑھے تین ہزار اسکول جائینگے، والدین کو مخاطب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور ٹائیفائیڈ سے بچائیں، ہم اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔