کچی آبادیوں کو آئی 9اور جی 7منتقل کیا جائیگا، قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

November 19, 2019

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تغیرات میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں کو آئی 9 اور جی 7 منتقل کیا جائیگا، وزیراعظم پاکستان خود اس مسئلے پر خاصی دلچسپی لے رہے ہیں اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کو آئی 9میں 15 سو یونٹس، سیکٹر جی 7میں 3سے 4سو اور علی پور فراش میں 3ہزار یونٹس بنانے کا ٹاسک دے دیا گیاہے، وفاقی دارالحکومت میں صفائی کی بہتری کیلئے عوام اور خاص طور پر تاجر حضرات و دوکانداروں کو رویہ تبدیل کرنا ہو گا، قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو چیئرپرسن کمیٹی سنیٹر ستارہ ایاز کی زیر صدارت ہوا،چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے کمیٹی کو بتایا کہ صفائی اور کوڑے کو ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری ایم سی آئی کی ہے، پانچ اسٹیشن بنا دیئے ہیں جلد ٹینڈر جاری کیا جائے گا، اگلے تین چار ماہ میں بہتری نظر آئے گی۔ رکن کمیٹی سنیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ صفائی ایپ بنائی جائے جہاں لوگ ویڈیو بنا کر آگاہ کریں،صفائی ورکرز کی ایک مخصوص وردی ہونی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ فیصل مسجد کی اونر شپ صرف ایک ادارے کے پاس ہونی چاہئے تا کہ معاملات بہتر انداز میں حل ہوں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا فنڈز کم ملتے ہیں جب تک کسی ایک ادارے کو تمام معاملات نہیں دیئے جائیں گے ،بہتری نہیں آئی گی ،انہوں نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے ہمیں نصاب میں مضامین شامل کرنے چاہئیں ۔