لئی ایکسپریس وے ،رنگ روڈ منصو بہ،سٹیئرنگ کمیٹی آج راولپنڈی آئیگی

November 19, 2019

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) چیئر مین پی اینڈ ڈی کی سربراہی میں قائم سٹیئرنگ کمیٹی آج راولپنڈی کا دورہ کرے گی۔کمیٹی کو نالہ لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ منصوبوں کے حوالے سے بریف کیا جائے گا۔کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے نالہ لئی پراجیکٹ کے حوالے سے پیر کو کٹاریاں تا سٹی صدر روڈ تک نالہ لئی منصوبہ کا فزیکل سروے کیا۔ان کے ہمراہ ڈی جی آر ڈی اے اور دیگر حکام بھی تھے۔کمشنرراولپنڈی نے نالہ لئی پر قائم بھینس باڑوں کی موجودگی کا بھی نوٹس لیا ہے۔ذرائع کے مطابق نالہ لئی ایکسپریس وے کیلئے وفاقی دارالحکومت انتظامیہ کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا۔ منصوبہ کیلئے راولپنڈی کےسیوریج کیلئے ٹرنک لائن بننی ہےلیکن جو سیوریج اور بارشی پانی اسلام آباد سے نالہ لئی میں آتا ہے اس کو ڈائی ورٹ کئے بغیر راولپنڈی کی حدود میں منصوبہ کی مکمل افادیت ممکن نہیں ہے۔سٹیئرنگ کمیٹی راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے نمائندوں سے بھی ملے گی۔جس میں رنگ روڈ منصوبہ میں مارکیٹس،سبزی و فروٹ منڈی، ایکسپو سنٹر اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔