حکومتی پالیسیوں نے مزدوروں کو زندہ درگور کردیا:شمس الرحمٰن سواتی

November 19, 2019

ملتا ن ( سٹا ف رپو ر ٹر )نیشنل لیبر فیڈریشن آف پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمٰن سواتی نے کہا ہے کہ حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں اور اقدامات نے مزدوروں کو زندہ درگور کردیا ،ہمارے تمام مسائل اور مشکلات کا حل قر آن وسنت کے عادلانہ نظام کے نفاذ میں ہے اس کے قیام کی جدوجہد میں حصہ ہر مسلمان کا فرض ہے ،ایک کروڑ نوکریاں دینے اور50لاکھ گھر بنا کر دینے کے دعویدار حکمرانو ں نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا اور اُن کے سروں سے چھت چھین لی، ان خیا لات کا اظہار نیشنل لیبر فیڈریشن جنوبی پنجاب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت این ایل ایف جنوبی پنجاب کے صدر مرزامحمد عیسیٰ خان نے کی، جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر میاں آصف محمود اخوانی ، صوبائی سیکر ٹری اطلاعات کنور محمد صدیق مہمان خصوصی تھے،انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، مہنگائی نے لوگوں کو خود کشی پر مجبور کردیا ، میاں آصف محمود اخوانی نے کہا کہ جماعت اسلامی مزدوروں اور پسے ہوئے طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے،مرزا محمد عیسیٰ نے کہا کہ استحصالی طبقہ سے نجات حاصل کئے بغیر ملک ترقی کرے گا نہ مزدوروں کے مسائل حل ہونگے ، تقریب سے کنور محمد صدیق، محمد حسین مرزا، مجاہد حسین پاشا، شیخ اسرار حسین ودیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔