ٹماٹر300روپے کلو، اسلام آباد میں گرانفروشوں کو جرمانے

November 21, 2019

راولپنڈی، اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے، خصوصی نامہ نگار)بدھ کو اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر 300روپے کلو فروخت ہوا ۔ بدھ کو مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے ٹماٹر کی سرکاری قیمت 198 روپے کلو تھی جو مارکیٹ میں گزشتہ دن کے مقابلے میں سو روپے زیادہ قیمت پر فروخت ہوا۔بدھ کو سفید پیاز80روپے کلو،ادرک بدستور4سو روپے کلو،لہسن 300/320 روپے کلو، آلو 60 روپے کلو،کریلے ، گھیا،مٹر اور بھنڈی 80روپے کلو،پھول گوبھی 50/60 روپےکلو میں بیچی گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے63فیصد دکانداروں کا موقف ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کے اہلکار منڈی میں نیلامی دیکھے بغیر قیمتیں مقرر کرتے ہیں جن پر فروخت کرنے سے انہیں نقصان پہنچتا ہے۔ بدھ کو اسلام آباد میں پرائس مجسٹریٹس نے گرانفروشی کے الزام میں 89 دکانداروں کو ایک لاکھ 33 ہزار روپے جرمانے عائد کیا۔