انصاف کی جلد فراہمی یقینی بنانی چاہیے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

November 21, 2019

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان کا کہنا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں کی طرح دوسری عدالتوں کوبھی انصاف کی جلد فراہمی یقینی بنانی چاہیے۔

پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور میں انسدادِ دہشت گردی عدالتوں اور چائلڈ جسٹس کے موضوعات پر تین روزہ 2 ورکشاپس کا آغاز ہوا جس کے افتتاحی سیشن میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان نےبھی شرکت کی۔

اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں کو بعض مقدمات میں ایک ہی دن میں چالان پیش کرکے اسی دن ٹرائل مکمل کرنا ہوتا ہے، دوسری عدالتوں کوبھی انصاف کی جلد فراہمی یقینی بنانی چاہیے۔

چائلڈ جسٹس کے حوالے سے بات کرتے ہوئےفاضل چیف جسٹس نے کہا کہ جووینائل جسٹس ایکٹ 2000ء میں ترمیم کرکےچائلڈ ایکٹ 2018 ءلایا گیا،تاہم اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ لائی جائے گی۔