دعوت اسلامی برمنگھم کے زیر اہتمام میلاد النبیﷺکاجلوس نکالا گیا

November 22, 2019

برمنگھم(نمائندہ جنگ ) دعوت اسلامی برمنگھم کے زیر اہتمام میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا جلوس فیضان مدینہ بورڈزلے گرین سے نکالا گیا جوبرمنگھم کی مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا واپس فیضان مدینہ بورڈزلے گرین آ کر اختتام پزیر ہوا۔ میلاد جلوس کی قیادت دعوت اسلامی مرکزی شوریٰ کے رکن حاجی سید ابراہیم باپو، مڈلینڈ اور ویلز کے نگران سید فضیل رضا عطاری کے علاوہ جید علمائے کرام، حفاظ قرآن، نعت خواں اور برمنگھم اور گردونواح کے علاقوں سے آئے مدنی منوں اور عاشقان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلمنے کی ۔ جلوس برمنگھم کی جس شاہراہ سے گزرتا تو اطراف سے لوگ گھروں سے نکل کر شرکاء جلوس کو خوش آمدید کہتے اور مٹھائی، فروٹ، مشروبات دیتے اور لوگوں کو ھار پہناتے۔بارش کے باوجود جلوس نظم وضبط سے جاری رہا۔ خاص بات یہ تھی جلوس کے اوپر پرندے بھی مسلسل چکر لگاتے رہے۔ گاڑیوں کو سبز جھنڈیوں، بینرز اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا ۔ جلوس کے شرکا مرحبا، مکی کی آمد مرحبا، مدنی کی آمد مرحبا کے نعرے لگاتے رہے۔جلوس کی ابتدا اور اختتام پر خصوصی دعا کروائی گئی ۔جلوس کے اختتام پر باجماعت نماز عصر ادا کی گئی اس کے بعد رکن شوریٰ سید ابراہیم باپو نے سنتوں بھرا خطاب کیا اور کہا کہ ہماری آنے والی نسلیں بھی آقا علیہ السلام کی سنتوں پر چل کر اپنی دنیا اور آخر ت سنواریں گی جو عاشق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سنت پر عمل کرنے والا بن جاتا ہے وہ فرائض کو سب سے پہلے ادا کرتا ہے۔