قائداعظم ٹرافی: سدرن نے فالو آن کے بعد میچ ڈرا کرلیا

November 22, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا آٹھواں راؤنڈ میں فالو آن کا شکار سدرن پنجاب میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ سدرن سنٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان میچ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا۔ عمر اکمل کے بعد کامران اکمل نے بھی سنچری اسکور کی۔ راولپنڈی میں فالو آن کا شکار سدرن پنجاب کی ٹیم نے دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے خلاف4 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز کی برتری حاصل کی تھی کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ آخری روز صرف 46 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب نے دوسری اننگز میں سندھ کے خلاف9 وکٹوں کے نقصان پر 406 رنز کی سبقت حاصل کی تھی کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔عمر اکمل 122 اور سلمان بٹ 83 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کامران اکمل 166 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ظفر گوہر نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔تابش خان نے میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔