سندھ کے مختلف شہروں میں سندھی یوم ثقافت منانے کی تیاریاں عروج پر

December 01, 2019

سکھر +ڈگری+ہنگورجہ(بیورو رپورٹ+نا مہ نگاران) سکھر، روہڑی و ڈگری سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں سندھ کا یوم ثقافت بھرپور انداز سے منانے کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، لوگوں کی جانب سے سندھی ٹوپی اور اجرک کی خریداری کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے، شہر کی اہم تجارتی مارکیٹوں پان منڈی، گھنٹہ گھر چوک، بیراج روڈ، غریب آباد، مہران مرکز سمیت دیگر علاقوں میں قائم کئے جانیوالے اسٹالوں پر صبح سے شام گئے تک مرد و خواتین و بچے سندھی ٹوپی اور اجرک خرید رہے ہیں۔ دوسری جانب مختلف تنظیموں کی جانب سے سندھ کے یوم ثقافت کے حوالے سے منعقد کئے جانیوالے پروگراموں کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ ڈگری ۔سندھ ثقافتی ڈے کے موقع پر محمد میڈیکل کالج میں روٹری انٹرنیشنل کے زیراہتمام منعقدہ ثقافتی تقریب کا اہتمام مہمان خاص پروفیسر ڈاکٹر سید رضی محمداور روٹری انٹرنیشنل کے ڈسٹرکٹ گورنررئیس احمد خان نے کیا،انہوں نے کہا کہ سندھ کی قدیم تہذیب وثقافت ہزاروں سال کے بعد بھی اپنی تازگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ دریں اثنا میرواہ گورچانی شہر میں بھی اتوار کو سندھ ثقافت ڈے کے سلسلے میں صبح گیارہ بجے مین بس اسٹاپ سے سندھ ثقافت ریلی نکالی جائے گی۔ ہنگورجہ ۔میں بھی سندھی ثقافت کا دن منانے کے لیئے تیاریاں عروج پر ہیں، سندہی اجرک اور ٹوپی کا دن منانے کے لئے مہران ماڈل اسکول اور ایورگرین پبلک اسکول میں شاندار تقریبات منعقد کی گئی ۔ مہران ماڈل اسکول کے طلب کی جانب سے ہاتھ سے بنائی ہوئی اشیاء کا خوبصورت اسٹال لگایا گیا تھا جب کہ اسکول کے طلبہ و طالبات میں سندہی ثقافتی ٹیبلوز پیش کئے۔