آسٹریلیا میں ہزیمت کے باوجود ٹیم کا پوسٹ مارٹم نہ تبدیلیاں، کرکٹ بورڈ میں مایوسی لیکن ماحول پرسکون

December 03, 2019

کراچی (عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) مصباح الحق کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم مسلسل تیسری سیریز ہار گئی ۔اس ہزیمت کے بعد پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں مایوسی ضرور ہے، لیکن مجموعی طور پر پرسکون ماحول تھا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے شکست

ہیڈ کوچ مصباح الحق سمیت کوچنگ اسٹاف اور کپتان اظہر علی کو تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ اس مرحلے پر کوئی پینک بٹن دبانے کا امکان نہیں ہے۔پی سی بی ذرائع کا دعوی ہے کہ مصباح الحق ،وقار یونس یا کسی اور کوچ کو تبدیل نہیں کیا جارہا۔اظہر علی بیٹنگ میں مکمل ناکام رہے انہیں بھی کپتانی سے ہٹانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے کیوں کہ اظہر علی کو بنگلہ دیش کی ہوم سیریز تک پاکستان کا کپتان بنایا گیا ہے۔ سرفراز احمد کی واپسی کا امکان بھی نہ ہونے کے برابر ہے، وقت کی کمی کی وجہ سے پی سی بی انتظامیہ کوئی پوسٹ مارٹم نہیں کرسکے گی۔ البتہ سری لنکا کی سیریز کے بعد اور بنگلہ دیش کی سیریز سے قبل پی سی بی انتظامیہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لےگی۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ نہیں کی جائے گی۔ پاکستان ٹیم میں چند تبدیلیاں کی جائیں گی تاہم شکست کے بعد آپریشن کلین اپ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم جمعرات کو ایڈیلیڈ سے روانہ ہوگی اور جمعے کو وطن واپس پہنچے گی۔ ایک دن بعد کھلاڑی اتوار کو پنڈی میں جمع ہوں گے جبکہ پیر کو پاکستان کا پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔ پی سی بی چیئرمین احسان مانی لاہور میں ہیں۔ چیف ایگزیکٹیووسیم خان آسٹریلیا کی تین ہفتے کی یاترا کے بعدبدھ کو آفس جوائن کررہے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں دونوں ٹیسٹ اننگز کے مارجن سے ہارنے کے بعد 11دسمبر سے پنڈی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد مصباح الحق نے کھلاڑیوں سے میٹنگ میں ان کی غلطیوں سے آگاہ کیا لیکن شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ڈریسنگ روم سناٹے کا منظر پیش کررہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق پر مسلسل شکستوں کے بعد پریشر بڑھ رہا ہے۔ سری لنکا کی سیریز کا نتیجہ اور کھلاڑیوں کی کارکردگی سے صورتحال مزید واضح ہوجائے گی۔