نوازشریف کی گائز ہسپتال آمد، ڈاکٹروں نے دل اور گردوں کا معائنہ کیا

December 03, 2019

لندن (سعید نیازی، جنگ نیوز) علاج کی غرض سے برطانیہ آنے والے سابق وزیراعظم نوازشریف گزشتہ روز طبی معائنہ کرانے گائز ہسپتال تشریف لائے۔ ہسپتال میں دل اور گردے کے ماہرین نے ان کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر شہبازشریف، حسین نواز، سلیمان شہباز، ناصر بٹ، اعجاز گل اور دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کائونٹ غیر مستحکم ہیں جنہیں ادویات سے خاص لیول پر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نواز کو لاحق امراض کے حوالے سے ابھی تشخیص کا عمل جاری ہے، ان کے ریگولر فالو اپس کے ذریعے طبیعت پر نظر رکھی جائے گی۔ ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ کارڈیالوجی کی ایک ٹیم نوازشریف کا معائنہ کررہی ہے کیونکہ لاہور میں نوازشریف کو ہارٹ اٹیک ہوا تھا، اس حوالے سے ڈاکٹرز انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی پی سی آئی کہا جائے گا۔ دماغ کو خون لے جانے والی شریان میں رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے ویسکولر سرجن نوازشریف کا معائنہ کریں گے، وہ دماغ کی سرجری یا اس میں اسسٹنٹ ڈالنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ پی ای ٹی اسکین کی رپورٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کے دائیں بغل (رائٹ ایگزیلا) میں ایک سے زائد گلٹیاں ہیں جو بڑی ہو چکی ہیں، مرض کی مزید تشخیص جاری ہے۔