نیشنل پولیس مینجمنٹ بورڈ اجلاس، استعداد کار بڑھانے اور پولیس ریفارمز پر مشاورت

December 06, 2019

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) نیشنل پولیس مینجمنٹ بورڈ کا بارہواں اجلاس ڈی جی نیشنل پولیس بیورو ڈاکٹر اعجاز حسین شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ ، مہمان خصوصی تھے۔ پولیس کو درپیش چیلنجز،استعداد کار بڑھانے اور پولیس ریفارمز پر مشاورت کی گئی ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام پولیس اکائیوں کو یکساں پولیس وردی رکھنی چاہئے جس پر عمل درآمد کیلئے ورکنگ پیپر تیار کرنے کیلئے آئی جی پی سندھ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معلومات کا تبادلہ کرنے اور سکیورٹی فورسز کے لئے آئندہ چیلنجوں کیلئے بین الصوبائی / مرکزی ڈیٹا بیس دستیاب ہوں، اس سلسلے میں تمام پولیس یونٹوں کے مابین ایک مفاہمت نامہ تیار کیا جائے گا ، تمام پولیس اکائیوں کے ذریعہ بہادری کے ایوارڈ (کیو پی ایم اور پی پی ایم) کی بروقت نامزدگی کو یقینی بنانا ہوگا اور بہادری میڈلز کیو پی ایم اور پی پی ایم سے وابستہ مالیاتی ایوارڈز کی یکسانیت کی ضمانت دی جانی چاہئے،این پی بی اس سلسلے میں قائدانہ کردار ادا کرے گی، اس کے علاوہ اجلاس میں پولیس کے احتساب،مضبوط انویسٹی گیشن،شہروں میں پولیسنگ کے از سر نو ڈھانچے کی تشکیل سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا،اجلاس میں قانونی اصلاحات اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے کیسوں کی تکمیل سے متعلق بھی مشاورت کی گئی ،پولیس سروس سٹرکچر،تنخواہوں،مراعات اور یونیفارم سمیت دیگر ویلفئیر کے امور بھی زیر غور لائے گئے ۔