تین لاکھ ٹن کینو برآمد کرنے کا ہدف مقرر

December 07, 2019

رواں سیزن میں کینو کی پیداوار 22 لاکھ ٹن رہنے کے اندازے ہیں۔

پاکستانی کینو ایکسپورٹ سیزن شروع ہوگیا، تین لاکھ ٹن کینو برآمد کرکے ساڑھے 19 کروڑ ڈالر کمانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

آل پاکستان فروٹ ویجیٹیبل امپوٹرز ایکسپوٹرز اور مرچنٹس ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم دسمبر سے کینو ایکسپورٹ کا سیزن شروع ہوگیا ہے۔

رواں سیزن کینو کی پیداوار 22 لاکھ ٹن رہنے کے اندازے ہیں، جس میں سے تین لاکھ ٹن کینو برآمد ہوگا۔

رواں سیزن کینو کا برآمدی ہدف 50 ہزار ٹن کم رکھا گیا ہے۔ مقامی سطح پر کینو کی قیمتوں میں اضافے اور عالمی منڈیوں میں ملکی پیداوار کی مسابقت نہ ہونے کے سبب برآمدی ہدف کم کیا گیا ہے۔

پی ایف وی اے کے مطابق کینو کی نئی ورائٹیز پر کام کرنا ناگزیر ہے۔ ایسا کرنے سے کینو کا ایکسپورٹ سیزن چار سے بڑھا کر آٹھ مہینے تک پہنچایا جاسکتا ہے، نئی ورائٹیز پر کام نہ کیا گیا تو آنے والے سالوں میں کینو کی طلب مزید کم ہوگی۔