راولپنڈی میں گیس کا بدترین بحران، صارفین وزیراعظم کی توجہ کے منتظر

December 14, 2019

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)راولپنڈی کے بیشتر علاقوں میں قدرتی گیس کا پریشر زیرو ہونے سے شدید سردی میں شہریوں کی زندگی عذاب بن گئی ہے۔ صارفین کے مطابق چند روز قبل گھریلو صارفین کو گیس ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی وزیر اعظم کی ہدایت کوبھی پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ موسم سرما شروع ہوتے ہی اس بنیادی ضرورت کی عدم فراہمی اور چولہے بجھنے سے گھریلو نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں سلنڈر خریدنا ہر کسی کے بس میں نہیں۔ بار بار گیس کے آنے جانے سے جان لیوا حادثات کے خطرات بھی منڈلاتے رہتے ہیں۔ دوسری طرف کمپریسر کے بے دریغ استعمال سے بھی قانون کی پاسداری کرنے والوں کی حق تلفی ہورہی ہے۔ میڈیا ٹائون ،پیرودھائی، ویسٹریج، خیابان سرسید، ٹنچ بھاٹہ، بکرا منڈی،کمال آباد، ملتانی محلہ،ڈھوک سیداں، اشرف کالونی، قائداعظم کالونی، جہانگیر روڈ،اڈیالہ روڈ، گلشن آباد، ڈیفنس روڈ، لالہ زار، صادق آباد ،مکھا سنگھ اسٹیٹ،رحیم آباد،ندیم آباد،ٹیپو روڈ،نیا محلہ ،کالج روڈ ،اسلام گڑھ اور دیگر علاقے گیس بحران سے شدید متاثر ہیں ۔صارفین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں بچوں کیلئے ناشتہ اور کھانا بنانا بھی مشکل ہو چکا ہے، انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بنیادی ضرورت کو پورا کیا جائے۔میڈیا ٹائون صارفین کے مطابق پی ڈبلیوڈی تک کے علاقے میں گیس فراہمی کی صورتحال بہتر ہے مگر ان کا علاقہ گیس کی عدم فراہمی کا شکار ہے۔