ویسٹ انڈیز نے بھارت کو پہلے ایک روزہ میچ میں ہرا دیا

December 16, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

ویسٹ انڈیز نے بھارت کو پہلے ایک روزہ میچ میں ہرا دیا

ویسٹ انڈیز نے پہلے ایک روزہ میچ میں بھارت کو باآسانی 8 وکٹوں سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

بھارت کے شہر چنائے میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 287 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف دیا۔

بھارت کی جانب سے شریاس ایئر 71 اور رشبھ پنت 70 رنز بنا کرنمایاں رہے جبکہ دوسرے کھلاڑیوں میں روہت شرما 36، کیڈر یادیو 40، رویندر جدیجا 21 اور کپتان ویرات کوہلی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کالی آندھی کی جانب سے شیلڈن کوٹریل، الزاری جوزف اور کیمو پال نے بھارت کے دو دو کھلاڑیوںکو آؤٹ کیا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کا آغاز کچھ خاص نہیں رہا محض 11 رنز پر پہلی وکٹ گر گئی تھی مگر پھر شائے ہوپ اور شمرون ہیٹ میئر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

دونوںکھلاڑیوں نے سنچریاں بنائیں، ویسٹ انڈیز نے 288 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 47 اعشاریہ 5 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اوپنر شائے ہوپ نے ناقابل شکست 102 جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے شمرون ہیٹ میئر 139 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ نکولس پوران 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔