ملکی ترقی کے لیے حکومت کوکراچی پرتوجہ دینا ہوگی، محمد زبیر

December 16, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق گورنر سندھ اورمسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما محمد زبیرنے کہاہے کہ نیازی صاحب ملک کی ترقی چاہتے ہیں تو کراچی پرفوکس کریں،نواز شریف نے کراچی میں امن بحال کیا،دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ والے شہر میں پی ایس ایل کروایا،دوہزار تیرہ میں حکومت بنائی اورکراچی میں ترقی کے نئے دورکا آغازکیا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسلم لیگ ہاؤس کارسازمیں سابق سینیٹرنہال ہاشمی دیگررہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمختلف جماعتوں کے رہنماؤں اورکارکنان نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کااعلان کیا۔ محمد زبیرنے کہاکہ ملکی ترقی کے لیے حکومت کوکراچی پرتوجہ دینا ہوگی بہت عرصہ تک ایم کیو ایم کراچی کی سیاست کرتی رہی،ایم کیو ایم کی دھڑے بندی کے بعد لوگوں کو پارٹیاں جوائن کرنے میں مشکل ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کو کراچی میں14 نشستیں ملی تھیں،پی ٹی آئی نے ترقی اورمسائل کے حل کے لیے دعوے تو بہت کیے تھے مگر ملک کی جو تباہی ہوئی ہے اس پر اب پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمران خرابی خود پیدا کریں اور الزام گزشتہ حکومت پرلگائیں یہ مناسب نہیں ہے،کراچی 30 سال سے تباہی کے دہانے پر کھڑا تھا،مسلم لیگ نے 100 دن میں کراچی تبدیل کیا تھا،اب سب الٹا ہوگیا ہے،معیشت کا بیڑا غرق ہوگیا،ملک میں غربت بڑھ رہی ہے۔مسلم لیگی رہنما نہال ہاشمی نےپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ ن لیگ سیاسی عمل کو رکنے نہیں دے گی۔