دینی مدارس کے خلاف نئے قوانین ماننے کے پابند نہیں، قاری محمد عثمان

December 16, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا کہ حکومت ملک کو تباہی کے دہانے پر لے آئی۔ وکلاء اور ڈاکٹرز کی ذاتی لڑائی سے عوام متاثر ہورہے ہیں۔ قوم کے مسیحا قوم کے قاتل بن گئے۔حکومتی رٹ ختم ہوچکی، جسکی لاٹھی اسکی بھینس کا قانون نافذ ہے۔دینی مدارس کے خلاف نئے قوانین ماننے کے پابند نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیرشاہ میں عظمت قرآن کانفرنس اورہیومن رائٹس نیٹ ورک کراچی کے زیراہتمام سقوط ڈھاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ حکومت نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا۔معاشی اور اقتصادی بحران سے دوچار کرکے بنانا ریپبلکن بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مسیحا معاشرے کیلئے عذاب بن گئے ہیں۔ وکلاء اور ڈاکٹرز کی ذاتی رنجش کئی جانوں کے ضیاع کا سبب بنی۔ دن دیہاڑے غنڈہ گردی سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کیلئے عذاب بن گئی ، ملک کو مہنگائی اور بیروزگاری کی طرف دھکیل کر عوام سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے۔