میں مشرف کو غدار نہیں سمجھتا وہ محب وطن ہیں، شیخ رشید

December 21, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

شیخ رشید کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

وزیرے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ مشرف کو غدار نہیں سمجھتے ہیں، وہ محب وطن ہیں۔

وزیرے ریلوے شیخ رشید نے لاہور کے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چالیس سال تک ملک کی خدمت کرنے والے آرمی چیف کا مقابلہ کرپٹ مافیا سے نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ثابت تو کرے کہ مشرف نے ایک پیسے کی بھی کرپشن کی ہے۔

شیخ رشید نے بلاول بھٹو زرداری کو زرداری گروپ کا سی ای او قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول سادہ اور بچہ نہیں ہے بلکہ وہ زرداری گروپ کے سی ای او رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن میں بلاول کے دستخط ہیں اور یہ لوگ ضمانتیں کروانے کے لیے اپنے کیسز سندھ منتقل کروانے کی ضد کررہے ہیں۔

وزیرے ریلوے شیخ رشید نے شہاز شریف کے حوالے سے کہا کہ شہبازشریف صاحب نیا کوٹ اور نیا ہیٹ پہنے لندن میں گھوم رہے ہیں، شہباز شریف بڑے بھائی کو پہلے سعودی عرب اور اب لندن لے کرگئے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان ذاتی مفاد کے لیے نہیں ملک اور قوم کے لیے یو ٹرن لیتے ہیں اور میں یقین دلاتا ہوں عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھے گا۔عمران خان کو نواز شریف کے باہر جانےکا افسوس ہے اور رہے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کابینہ کے 16 ارکان نے ووٹ دیا کہ نواز شریف کو جانے دیں میں نےفیصلے کے 66ویں پیرے کی ڈٹ کر مخالفت کی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ملک کے تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں جبکہ ذوالفقارعلی بھٹو سمیت تمام سیاستدان فوج کی نرسری کی پیداوار ہیں، ایک دن صحافیوں کو بھی جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 سے اندر لے کر جاؤں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ نئے چیف جسٹس صاحب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں، چیف جسٹس گلزار احمد کی آمد کے بعد حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔

اُنہوں نے مہنگائی کے حوالے سے کہا کہ مہنگائی اگرچہ ہے لیکن تین سال میں مسائل حل ہو جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اب قوم کشمیری بھائیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔