2019: زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کرنے والے پلیئرز

January 01, 2020

سال 2019 ختم ہو کر نئے سال 2020 کا سورج طلوع ہوچکا ہے لیکن گزشتہ سال کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والے کچھ کھلاڑیوں کے لیے بہت ہی خوش قسمت اور یادگار رہا۔ انہوں نے اپنے اپنے شریک حیات کے ساتھ زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کیا۔

2019 میں جو کھلاڑی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان میں پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر عثمان صلاح الدین، فاسٹ بولر حسن علی، آل راؤنڈر عماد وسیم سمیت نمبر ون ٹینس اسٹار رافیل نڈال، سابق ترک نژاد جرمن فٹبالر مسعود اوزل، انگلش فٹبال ٹیم کے کپتان ہیری کین، ریال میڈرڈ کے فٹبالر سرگیو راموس، اسپینش ٹینس اسٹار رابرٹو باٹسٹااگٹو، ٹینس کھلاڑی فلکیانولوپیز، بنگلہ دیشی اسپنر مہدی حسن اور بھارتی بیٹسمین منیش پانڈے نے سر پر سہرا سجایا جبکہ ٹینس اسٹار کیرولین ووزنیاکی، الیسن ریسکی اور نیدر لینڈ کی ٹینس کھلاڑی کیکی برٹینز پیا دیس سدھار گئیں۔

عثمان صلاح الدین

2019 کے آغاز میں پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر عثمان صلاح الدین نے سر پر سہرا سجایا۔ البتہ ان کا نکاح 2019 جنوری میں ہوا تاہم ان کی شادی 21 فروری کو ہوئی۔ 29 سالہ رائٹ ہینڈ بیٹسمین کی 2018 میں کراچی سے لاہور جاتے ہوئے جہاز میں صباء عارف سے ملاقات ہوئی تھی۔

پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر عثمان صلاح الدین اپنی اہلیہ صباء عارف کے ساتھ

بعدازاں انہوں نے باقاعدہ صباء کے گھر رشتہ بھیجا۔ 2 دسمبر کو29 ویں سالگرہ منانے والے عثمان صلاح الدین نے جون 2018ء میں ہیڈ نگلے لیڈز پر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔

مہدی حسن

بنگلہ دیشی اسپنر مہدی حسن نے مارچ میں اپنی منگیتر رابعہ اختر پریتی کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا۔ بنگلہ دیشی کھلاڑی مہدی حسن 5 مارچ کو نیوزی لینڈ میں ہونےو الے دہشت گردی کے حملے کی وجہ سے سخت صدمے میں تھے تاہم انہوں نے اس صدمے سے نکلنے کیلئے شادی کی۔

بنگلہ دیشی اسپنر مہدی حسن اور ان کی دلہن رابعہ اختر پریتی

22 سالہ مہدی حسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے آفیشل پیچ سے اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے پوسٹ کیا کہ آج میں اپنی ایک نئی زندگی کا آغاز کرنے جارہا ہوں۔ میں فینز اور دوستوں سے اپنی نئی زندگی کا آغاز کرنے پر دعا کی درخواست کرتا ہوں۔

مسعود اوزل

انگلش پریمیئر لیگ میں تہلکہ مچانے والے ایک اور سابق ترک نژاد جرمن مسلم فٹبالر مسعود اوزل نےجون میں سابقہ مس ترکی کے ساتھ شادی کی جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان ان کی شادی کے گواہ بنے۔ انگلش کلب آرسنل کے مڈفیلڈر کی 2017 میں سوئیڈن نژاد ترک اداکارہ اور ماڈل امینہ گلسی سے ملاقات ہوئی تھی اور وہ انہیں کے اسیر ہو کر رہ گئے۔ دونوں نے گزشتہ برس جون میں منگنی کی تھی۔

سابق ترک نژاد جرمن مسلم فٹبالر مسعود اوزل اور ان کی دلہن کا ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ فوٹو

خیال رہے کہ 30 سالہ مسعود اوزل نے2018 میں انٹرنیشنل فٹبال سے کنارہ کشی اختیار کی۔ 2018 ورلڈ کپ میں جرمنی کو جنوبی کوریا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی جس کے بعد جرمن فٹبال فیڈریشن نے ٹیم کی ناقص کارکردگی کاسارا ملبہ مسلم کھلاڑی پر ڈالا اور مسلم کھلاڑی کی میگا ایونٹ سے قبل ترک صدر سے ملاقات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ہیری کین

انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان ہیری کین نے بچپن کی دوست کیٹ گڈ لینڈ سے شادی کی۔ انگلش کلب ٹوٹہنم ہاٹ سپر اسٹرائیکر نےٹوئٹر پر شادی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’’بالآخر اپنی بیسٹ فرینڈ سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا‘‘۔

انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان ہیری کین اپنی دلہن کیٹ گڈ لینڈ کے ساتھ

ہیری کین نے 2015 میں انٹرنیشنل فٹبال میں قدم رکھا، وہ قومی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے 42 میچز میں 32 گول کرچکے ہیں۔ خیال رہے کہ وہ 2018 فیفا ورلڈ کپ کے ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 6 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

سرگیو راموس

ریال میڈرڈ کے فٹبالر سرگیو راموس جون میں پائلر رابیو سے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔ ہسپانوی فٹبالر ستمبر 2012 کو جرنلسٹ اور پریزنٹر پائلر رابیو سے ملے تھے۔

ریال میڈرڈ کے فٹبالر سرگیو راموس اور ان کی دلہن پائلر رابیو

انکی شادی میں کرسٹیانو رونالڈو کے علاوہ نامور فٹبالر ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ وکٹوریا بیکہم، سابق لالیگا اسٹارجورڈی البا، لوکا مورڈچ، کیلرنواس، رابرٹو کارلوس سمیت ودیگر شخصیات نے شرکت کی۔

کیرولین ووزنیاکی

ڈنمارک کی ٹینس اسٹار کیرولین ووزنیاکی نے بھی گھر بسالیا۔ 26 سالہ ڈینش سپر اسٹار اور 36سالہ باسکٹ بال کھلاڑی ڈیوڈ لی نے 2017 میں منگنی کی تھی تاہم دونوں جون میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

ڈنمارک کی ٹینس اسٹار کیرولین ووزنیاکی اپنے دلہا اور باسکٹ بال پلیئر ڈیوڈ لی کے ساتھ

ان کی شادی کی پرقار تقریب اٹلی کے شہر ٹسکانے میں ہوئی جس میں 120 سے زائد مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا اور ان کی بہترین دوست اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز برائیڈ میڈ تھیں۔ اس کے علاوہ اینجلک کربر، آگنیسکاراڈونسکا اور ارذولا راڈونسکا نے شرکت کی۔ کیرولین ووزنیاکی آئندہ سال ٹینس کی دنیا کو خیرباد کہہ دیں گی۔

الیسن ریسکی

امریکی ٹینس اسٹار الیسن ریسکی نے جولائی میں اپنے دوست اور سابق بھارتی ٹینس پلیئر انند امرت راج کے بیٹے اسٹیفن امرت راج کو اپنی زندگی کا ساتھی چنا۔

امریکی ٹینس اسٹار الیسن ریسکی اپنے دلہا اسٹیفن امرت راج کے ساتھ

سال 2019 ان کے لیے بہت شاندار رہا۔ 29سالہ ٹینس کھلاڑی نے اپنے کیرئیر کا دوسرا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتا اور2019 ومبلڈن اوپن میں سابق عالمی نمبر ایک ایشلی برٹی کو اپ سیٹ کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی اور کیرئیر کی بہترین رینکنگ 18ویں پوزیشن حاصل کی۔

حسن علی

2019 کے وسط میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی بھارتی دوشیزہ کےحسن کے جال میں پھنسے۔ انہوں نے اگست میں بھارتی دلہن سمعیہ کے ساتھ نئی اننگز کا آغاز کیا۔ ان کی شادی کی تقریب دبئی کے ایک سیون اسٹار ہوٹل میں ہوئی جس میں رشتے داروں، قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ بعدازاں پاکستان میں استقبالیہ دیا گیا۔ آج کل وہ پسلی میں فریکچر ہونے کے باعث قومی ٹیم سے باہر ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی اپنی دلہن سمعیہ کے ساتھ

25 سالہ بولر نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے 9 ٹیسٹ میچز میں 31 کھلاڑیوں کا میدان بدر کیا جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں 82 اور ٹی ٹوئنٹی میں 35 وکٹیں اپنے نام کی۔

عماد وسیم

حسن علی کے بعد پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم بھی دولہا بن گئے، سید عماد وسیم حیدر 24 اگست کو پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی ثانیہ اشفاق سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم اور اُن کی دلہن ثانیہ اشفاق

ان کے نکاح کی تقریب اسلام آباد کی فیصل مسجد میں سادگی کے ساتھ انجام پائی جس میں دولہا دلہن کے اہلخانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ 31سالہ آل راؤنڈر نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا تاہم وہ 53 ایک روزہ انٹرنیشنل میچزکھیلتے ہوئے 952 رنز بناچکے ہیں اور 42 شکار کرچکے ہیں۔

فلکیانولوپیز

ہسپانوی ٹینس اسٹار فلکیانو لوپیز نے 20 ستمبر یعنی اپنی سالگرہ کے دن اپنی گرل فرینڈ سانڈرا گاگو سے شادی کی۔ اس طرح 38سالہ ٹینس اسٹار کو اس دن بیسٹ برتھ ڈے گفٹ ملا۔ ان کی شادی پر ساتھی کھلاڑیوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی۔

ہسپانوی ٹینس اسٹار فلکیانو لوپیز اور ان کی دلہن سانڈرا گاگو

ٹینس پلیئر نے ٹوئٹر پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’میں نے خوشی کی بہت ساری تعریفیں پڑھی ہیں لیکن کوئی بھی تعریف ان کیلئے کبھی اتنی اہمیت کی حامل نہیںرہی لیکن گزشتہ دن آپ سب میری زندگی کے اہم دن کے موقع پر ہمارے ساتھ تھے، یہ دن غالباً میری زندگی کا بیسٹ برتھ ڈے گفٹ تھا۔‘‘

رافیل نڈال

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے2019 میں اپنی زندگی کے حوالے سے اہم ترین فیصلہ کرکے اپنی محبت کو شادی میں بدل دیا۔ ہسپانوی ٹینس اسٹار اور ماریا فرانسسکا پیرلو 2005 میںایک دوسرے سے ملے تھے اور 14سالہ رفاقت کے بعد نڈال نےماریا فرانسسکا پیر لوکو شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافیل نڈال اپنی دلہن ماریا فرانسسکا پیرلو کے ساتھ

خیال رہے کہ 33سالہ ٹینس کھلاڑی نے 2005 میں پہلی بار گرینڈ سلم ٹائٹل فرنچ اوپن جیتا تھا۔ سال 2019 ان کے لیےخوش قسمت ترین سال رہا۔ انہوں نے رواں سال دو گرینڈ سلیم ٹائٹلز فرنچ اوپن اور یو ایس اوپن اپنے نام کیے اور ورلڈ اے ٹی پی رینکنگ میں کیا پہلی پوزیشن پر قبضہ کیا۔

کیکی برٹینز

نیدر لینڈ کی ٹینس کھلاڑی کیکی برٹینز کیلئے سال 2019 بہت شاندار رہا۔ 28سالہ ٹینس پلیئر نے 28 نومبر کو اپنے فزیو تھراپسٹ ریمکو ڈی ریجک کو جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی کیریئر کی بہترین ٹینس رینکنگ عالمی نمبر 4 پوزیشن پر پہنچنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ ان کی شادی کے موقع پر ٹینس اسٹارز جوہانا کونٹا، ایلسے مارٹنز، انسٹاشیاپالینچکووا اور کرسٹینا ملاڈینکووچ نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نیدر لینڈ کی ٹینس کھلاڑی کیکی برٹینزاپنے دلہا فزیو تھراپسٹ ریمکو ڈی ریجک کے ساتھ

خیال رہے کہ انہوں نے رواں سیزن میں عالمی نمبر تین سائمونا ہیلپ کو اپ سیٹ کرکے 2019 میڈرڈ اوپن جیتا اور میڈرڈ میں کسی سیٹ کو ڈراپ کرنے والی پہلی خواتین کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

رابرٹو باٹسٹا اگٹو

اسپینش ٹینس اسٹار رابرٹو باٹسٹا اگٹو نے بھی 2019 کے اختتام میں نئی زندگی کا آغاز کیا۔ انہوں نے 30 نومبر کو اپنی گہری دوست اینا بوڈی ٹورٹوسا سے شادی کی۔

اسپینش ٹینس اسٹار رابرٹو باٹسٹا اگٹو اپنی شریک حیات اینا بوڈی ٹورٹوسا کے ساتھ

واضح رہے کہ رابرٹو باٹسٹا اگٹو سال 2019میں پہلی بار گرینڈ سلیم کے سیمی فائنل میںپہنچنے کا عزاز حاصل کیا۔ عالمی نمبر 9 کھلاڑی 9 ٹائٹلز جیت چکے ہیں جبکہ سات ٹورنامنٹس میں رنرز اپ رہ چکے ہیں۔

منیش پانڈے

بھارتی بیٹسمین منیش پانڈے نے بھی گھر بسالیا اور بھارتی اداکارہ اشریتا شیٹی کو شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔ دسمبر کے اختتام میں استقبالیہ کی تقریب ہوئی۔ جس میں خاندان اور دوستوں سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ ان کی شادی میں سابق کرکٹر راہول ڈریوڈاور کوچ عرفان سیت سمیت دیگر کھلاڑی بھی نظر آئے۔

بھارتی بیٹسمین منیش پانڈے اور اُن کی دلہن بھارتی اداکارہ اشریتا شیٹی

30سالہ منیش پانڈے ویسٹ انڈیز کیخلاف ہونے والی سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ خیال رہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 2015 میں ون ڈے کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ 2016 ورلڈ کپ میں یوراج سنگھ کی جگہ ان کو بھارتی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے 15رکنی اسکواڈ میں بھی ان کا نام شامل تھا۔