فاسٹ بولر اعزاز چیمہ فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائر

January 03, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹیسٹ فاسٹ بولر اعزاز چیمہ نے قائد اعظم ٹرافی فائنل کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ سینٹرل پنجاب نے نیشنل اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی فائنل جیتنے کے بعد اعزاز چیمہ کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا۔15 ستمبر 2011 کو زمبابوے کے خلاف بولاوایو میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے اعزاز چیمہ نے ٹیسٹ میچوں میں 31 اعشاریہ 90 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں۔ اعزاز چیمہ نے 14 ایک روزہ بین الاقومی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی اور بالترتیب 23 اور 8 وکٹیں لیں۔ اعزاز چیمہ 2012 میں مصباح الحق کی قیادت میں ایشیا کپ جیتنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے۔ ایشیا کپ کے فائنل میں جب بنگلہ دیش کو آخری اوور میں جیت کے لیے صرف 9 رنز درکار تھے تو اعزاز چیمہ نےبولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان رنز کا کامیابی سے دفاع کیا تھا اور ٹیم کو 2 رنز سے فتح دلوائی تھی۔دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے 140 فرسٹ کلاس میچز میں 572 وکٹیں حاصل کیں۔ 40 سالہ اعزاز چیمہ نے 7 ٹیسٹ اور 14 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ بولر اعزاز چیمہ کو چیمپئن بولر قرار دے دیا۔