اسٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبہ لاڑکانہ میں مکمل

January 03, 2020

کراچی(رپورٹ/رفیق بشیر)سندھ کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبہ لاڑکانہ میں مکمل ہوگیا ، منصوبے کا افتتاح پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری فروری کے آخری ہفتے میں افتتاحکریں گے، 5 سو ایکٹر پر تعمیر ہونے والا یہ صنعتی منصوبہ سائٹ لمیٹیڈ نے 14 سال کے بعدقائم کیا ہے جس کا انفراسٹرکچرز بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے، یہ بات سائٹ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائر یکٹر مہدی علی شاہ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، مہدی علی شاہ نے کہا کہ سائٹ کراچی کی ڈیولپمنٹ کے لئے حکومت سندھ سے ایک ارب روپے کے فنڈ مانگے ہیں ، اس سلسلے میں سمری چیف سیکرٹری تک پہنچ گئی ہے اور جلد منظوری کے بعد سائٹ کراچی میں 54 کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی ، جس کے بعد سائٹ کراچی میں ترقی کا نیا رجحان پیدا ہوگا، انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ اسپشل انڈسٹریل زون سندھ کے تمام انڈسٹریل ایریا میں منفرد ہے ، یہ منصوبہ 5 سو ایکٹر پر مشتمل ہے ، جس میں سے 2سو ایکٹر جو فیز ون ہے مکمل ہوچکا ہے ، یہ منصوبہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے ، کیونکہ لاڑکانہ چاول کی پیداوار کامرکزی شہر ہے ،انہوں نے کہا کہ سکھر میں ایکسپورٹ پروسینگ زون کے لئے جو سو ایکٹر اراضی مختص کی گئی ہے ، پروہاں پر ابھی تک ایکسپورٹ پروسینگ زون نہیں بن سکا ، اس سلسلے میں حکومت سندھ سے درخواست کی گئی ہے کہ سکھر انڈسٹریل اسٹیٹ کے فیز 2 کے لئے یہ اراضی سائٹ لمیٹیڈ کے حوالے کی جائے ، کیونکہ سکھر میں صنعت کاری بڑھ رہی ہے ۔