پاکستانی سوئمرز پیرس اولمپکس میں کل ایکشن میں ہوں گے

July 27, 2024

جہاں آرا نبی (دائیں)، احمد درانی (بائیں) - کولاج فوٹو: فائل

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے دونوں سوئمرز کل ایکشن میں ہوں گے۔ جہاں آرا خواتین کی 200 میٹر فری اسٹائل جبکہ احمد درانی مردوں کے 200 میٹر فری اسٹائل کےلیے پول میں اتریں گے۔ خواتین کے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی سوئمرز ایک ہی ہیٹ میں شامل ہیں۔

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے دونوں سوئمرز نے یونیورسلٹی کوٹہ پر اینٹری حاصل کی ہے اور دونوں ہی اتوار کو ایکشن میں ہوں گے۔

مردوں کی 200 میٹر فری اسٹائل میں احمد درانی سمیت 28 تیراک چار ہیٹس میں ایکشن میں ہوں گے۔ احمد درانی پہلی ہیٹ میں دیگر تین سوئمرز کے ساتھ پول میں اتریں گے۔

اس ہیٹ میں شام کے عمر عباس، سلوانیہ کے ساسو بوسکان اور سربیا کے ویلیمر سیپانووچ احمد بھی موجود ہیں۔

احمد درانی کا اینٹری ٹائم 1:55.68 تمام مقابل سوئمرز میں سب سے زیادہ ہے۔ تمام ہیٹس کے بعد 28 میں سے 16 بہترین ٹائمنگ کے سوئمرز سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کریں گے۔

دوسری جانب خواتین کی 200 میٹر فری اسٹائل میں جہاں آرا نبی سمیت 31 سوئمرز ایکشن میں ہوں گی۔ جہاں آرا پہلی ہیٹ میں دیگر 6 سوئمرز کے ساتھ نامزد ہیں جن میں بھارتی سوئمر بھی شامل ہیں۔

بھارت کی دھینڈھی دیسنگھو، سعودی عرب کی میشاری مشال، نیپال کی ڈوانا لاما، یو اے ای کی ماہا الشہی کے علاوہ لاؤس اور البانیہ کی سوئمرز بھی پہلی ہیٹ میں جہاں آرا کے ساتھ پول میں اتریں گی۔

خواتین کی 200 میٹر میں 31 میں سے 16 بہترین سوئمرز سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کریں گی۔

واضح رہے کہ سیمی فائنل کوالیفائی کرنے کی صورت میں دونوں پاکستانی ایتھلیٹس شام میں پھر ایکشن میں ہوں گے۔